سرگودھا کا پورا ایک گاؤں ایڈز کی لپیٹ میں

سرگودھا کا ایک گاؤں ایچ آئی وی ایڈز کی لپیٹ میں کیسے آیا؟

مریضوں میں بیماری انتہائی ابتدائی مراحل میں ہے
پاکستان کی پہلی موٹروے صوبہ پنجاب میں سرگودھا ڈویژن کے ایک وسیع علاقے سے گزرتی ہے۔ اسی شاہراہ پر کوٹ مومن انٹرچینج کے ایک طرف محض چند کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ایک چھوٹا سا گاؤں کوٹ عمرانہ واقع ہے۔
تین سے چار ہزار آبادی کے اس گاؤں میں حال ہی میں ایچ آئی وی اور ایڈز کے خطرناک حد تک زیادہ مریض سا منے آئے ہیں۔

مقامی افراد اور گاؤں کے چند معززین کی جانب سےحکومتِ پنجاب کی توجہ اس جانب مبذول کروائے جانے پر رواں ماہ اس گاؤں میں ایک تشخیصی کیمپ لگایا گیا۔ ایک ہفتہ تک جاری رہنے والے اس کیمپ کے دوران پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کے حکام نے گاؤں کی تقریباً تمام آبادی کی سکریننگ کرتے ہوئے 2717 نمونے حاصل کیے جنھیں تشخیص کے لیے لاہور بھجوایا گیا۔

سرگودھا کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ایک ڈاکٹر نے بی بی سی کو بتایا کہ بدھ تک پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کی جانب سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق 2717 میں سے 35 افراد میں ایچ آئی وی کی تصدیق ہو چکی ہے۔
اسی بارے میں پڑھیں!
پاکستان میں ایڈز سے متاثرہ ایک لاکھ مریض: اقوام متحدہ
‘ہم مسلمان ہیں، ہمیں ایڈز کیسے ہو سکتا ہے؟’
ایچ آئی وی کے مریض اب نارمل زندگی جی سکتے ہیں
بلوچستان میں ایڈز سے متاثرہ 637 مریض رجسٹرڈ
تاہم سرگودھا کے مقامی محکمہ صحت کے حکام کو خدشہ ہے کہ آنے والے دنوں میں یہ تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔ صوبہ پنجاب کے وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے بھی بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اس خدشے کا اظہار کیا کہ نمونوں کی بنیاد پر سکرین کیے گئے افراد میں متاثرین کی تعداد زیادہ ہو سکتی ہے۔
محکمۂ صحت کے ایک افسر نے بی بی سی کو بتایا کہ پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام نے اس حوالے سے کوٹ مومن میں ایک سپیشل یونٹ قائم کیا ہے جہاں ان مریضوں کو رجسٹر کرنے کے بعد انھیں ایڈز کا علاج فراہم کیا جائے گا۔
’ان مریضوں میں بیماری انتہائی ابتدائی مراحل میں ہے۔ رجسٹر کرنے کے بعد ان کا باقاعدہ علاج شروع کر دیا جائے گا۔‘ ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے کو پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام خود دیکھ رہا ہے۔
ایڈز
محکمۂ صحت کے حکام کے مطابق گذشتہ چند ماہ کے دوران ایک ہی گاؤں اور اس کے نواحی علاقوں سے سامنے آنے والے ایچ آئی وی کے یہ کیسز زیادہ تصور کیے جائیں گے۔
کتنے متاثرین، کیسے سامنے آئے؟
گاؤں کے لوگوں میں اس وائرس کی موجودگی کی اطلاع حال ہی میں وہاں کے نمبردار چودھری اکرم نے ایک خط کے ذریعے وزیرِ اعلٰی پنجاب کو دی۔ تاہم سوال یہ ہے کہ چودھری اکرم کو کیسے معلوم ہوا؟
بی بی سی سے بات کرتے ہوئے چودھری اکرم نے بتایا کہ گذشتہ برس ان کے پاس گاؤں کے لوگ طویل اور نہ ختم ہونے والی بیماریوں کی شکایات لے کر آنا شروع ہوئے۔ ان میں زیادہ تر کو ڈاکٹر ٹی بی یا ہیپاٹائٹس تشخیص کرتے تھے تاہم ان کی بیماری ٹھیک نہیں ہو رہی تھی۔
چودھری اکرم نے دعویٰ کیا کہ گذشتہ برس کئی افراد کی موت اس بیماری سے ہوئی۔ ’تقریباً دو سو کے قریب افراد ہمارے گاؤں میں اس بیماری سے موت کا شکار ہوئے ہیں۔‘ تاہم ان کے اس دعوے کی آزادانہ تصدیق ممکن نہیں تھی۔‘
چودھری اکرم نے اس کے بعد سے متاثرہ افراد کو سرگودھا کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں قائم سپیشل میڈیسن کلینک میں بھیجنا شروع کیا جہاں ہیپاٹائٹس اور ایڈز سمیت دیگر بیماریوں کی تشخیص اور علاج کی سہولیات موجود ہیں۔
کلینک کے انچارج ڈاکٹر سکندر حیات وڑائچ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ برس آنے والے ان افراد کے ٹیسٹ کیے گئے اور جب ستمبر کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا گیا تو اس ایک گاؤں سے 32 کے قریب ایچ آئی وی کے کیس سامنے آئے۔
’مجھے اس پر تشویش ہوئی تو ہم نے ضلعی حکومت سے مشاورت کے بعد لاہور میں محکمہ صحت کو خبردار کیا جس کے بعد اکتوبر میں پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کی مدد سے وہاں ایک تشخیصی کیمپ لگایا گیا۔‘
ان کے مطابق اس کیمپ میں ایک دن میں 300 سے زیادہ افراد کا ٹیسٹ کیا گیا جن میں سے 16 کیسز سامنے آئے۔ ڈاکٹر سکندر کے مطابق آئندہ چند ماہ میں دس مزید کیس سامنے آنے کے بعد سال کے آخر تک ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 58 کے قریب پہنچ گئی۔
ایڈز
خطرے کی گھنٹی کیوں نہ بجی؟
اس کے فورا بعد اس گاؤں کی سکریننگ کیوں نہیں کی گئی؟ ایسا کیوں ہوا کہ رواں برس فروری کے آغاز میں گاؤں کے نمبردار چودھری اکرم کو وزیرِ اعلٰی پنجاب کو ایک خط لکھ کر توجہ اس جانب مبذول کروانا پڑی؟
ڈاکٹر سکندر حیات کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعلٰی پنجاب کی ہدایت پر مقامی ضلعی حکومت اور محکمہ صحت نے اس گاؤں میں ایک تشخیصی کیمپ لگایا جس میں رینڈم سیمپلنگ کی گئی۔ تاہم بعد ازاں فیصلہ کیا گیا کہ تمام گاؤں کی سکریننگ کرنا ضروری ہے تو دو روز بعد پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کے حکام وہاں پہنچے اور مکمل نمونے حاصل کر کے ٹیسٹ کے لیے لاہور بھجوائے گئے۔
ان کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے جس کے بعد پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کی جانب سے کوٹ مومن میں قائم کیے گئے سپیشل سنٹر میں متاثرہ افراد کو رجسٹر کرنے کے بعد ان کا علاج شروع کیا جا رہا ہے۔
تاہم بی بی سی سے بات کرتے ہوئے صوبہ پنجاب کے وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ حکومت کے لیے خطرے کی گھنٹی بجی اور اس کے بعد حکومت نے اس کی وجوہات جاننے کے لیے سروے کیا۔
ایڈز
ایچ آئی وی اس گاؤں میں پھیلا کیسے؟
گاؤں میں ایڈز سے متاثرہ افراد میں شامل ایک میاں بیوی ڈسٹرکٹ ہسپتال کے یونٹ سے علاج کروا رہے تھے۔ حال ہی میں ان کی چار سالہ بیٹی میں بھی ایڈز کی تشخیص ہوئی ہے۔ 50 سالہ متاثرہ شخص نے بتایا کہ انھیں نہیں معلوم تھا کہ ایڈز کیا ہے اور کیسے لگتی ہے۔؟
’تین ماہ قبل میں بالکل ٹھیک ٹھاک اور صحت مند تھا، اب میری حالت دیکھیں۔‘ ان کا جسم ہڈیوں کے ڈھانچے میں تبدیل ہو چکا تھا۔ ان کی 30 سالہ اہلیہ کی حالت بھی زیادہ بہتر نہیں تھی۔ ابتدا میں وہ چند ڈاکٹروں کے پاس جاتے رہے جہاں کسی نے انھیں ٹی بی اور کسی نے ہیپاٹائٹس تشخیص کیا۔
’اب ڈاکٹروں نے بتایا ہے کہ ہمیں ایک عطائی ایک ہی انجیکشن سے ٹیکے لگاتا رہا ہے جس سے ہمیں ایڈز ہو گئی ہے۔‘
ان کے گاؤں یا قریبی دیہات میں کوئی ڈسپنسری تک موجود نہیں۔ قریب ترین ایک بنیادی صحت کا مرکز بچہ کلاں میں واقع ہے جو اس گاؤں سے محض چند کلو میٹر پر واقع ہے۔ ایسے میں چھوٹی موٹی تکالیف کی صورت میں وہ کہاں جاتے تھے؟
سپیشل میڈیسن کلینک کے انچارج ڈاکٹر سکندر حیات نے بتایا کہ اس قدر زیادہ کیسز ایک ہی علاقے سے سامنے آنے کے بعد محکمہ صحت نے اس کی وجہ جاننے کی لیے وہاں ایک سروے کیا۔
وہ اس گاؤں میں ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کی بڑی وجہ اللہ دتہ نامی ایک عطائی ڈاکٹر کو قرار دیتے ہیں۔
’پیشے کے لحاظ سے وہ ایک نائی تھا اور شاید مڈل پاس تھا۔ گذشتہ چند برسوں سے وہ اس گاؤں میں مقیم تھا اور ایک ہی سرنج سے لوگوں کو انجیکشن لگاتا رہا۔ تقریباٌ ڈیڑھ برس قبل اس کی موت ایڈز ہی سے ہوئی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ عطائی خود بھی سیکس کے حوالے سے کافی متحرک تھا۔
صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے اس بات کا اعتراف کیا کہ عطائی یا نیم حکیم اس وائرس کے پھیلاؤ کی ایک بڑی وجہ ہے۔
’یہ عطائی صوبہ پنجاب کے بیشتر دیہات میں کام کر رہے ہیں۔ ان کے خلاف ایک مکمل اور مضبوط مہم چلانے کی ضرورت ہے جس کا اب ہیلتھ کیئر کمیشن نے آغاز کر دیا ہے۔‘ انھوں نے یہ دعوٰی بھی کیا کہ اس علاقے سے عطائیوں کا مکمل خاتمہ کیا جا چکا ہے۔‘
ایڈز
’سیپی‘ حجام
وائرس کی موجودگی کے ساتھ گاؤں میں اس کی ترسیل کے ذرائع اور پھیلاؤ کے عناصر پہلے ہی سے موجود تھے۔ ڈاکٹر سکندر کے مطابق ان میں دو بڑے ذرائع ’سیپی‘ یا مقامی حجام اور دوسرا غیر محفوظ سیکس ہو سکتا تھا۔
گاؤں کے نمبردار چوھری اکرم اس سے اختلاف نہیں کرتے۔ سیپی یا سالانہ اجرت پر کام کرنے والے حجام اُس استرے سے حجامت یا شیو بناتے ہیں جس میں بلیڈ نہیں لگتا اور وہ ایک دن میں اسے کئی مختلف افراد پر استعمال کرتے ہیں۔
اس گاؤں میں شہباز، غلام محمد اور محمد ارشد نامی تین سیپی حجام آج بھی متحرک ہیں۔ ڈاکٹر سکندر کے مطابق حال ہی میں ان حجام کو استرے کے استعمال سے پیدا ہونے والے خطرات سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی ہے۔ تاہم وہ اس پر کس حد تک عملدرآمد کرتے ہیں یہ کہنا مشکل ہے۔
غیر محفوظ سیکس
ڈاکٹروں کے مطابق ایچ آئی وی کے وائرس کے پھیلنے کی ایک بڑی وجہ غیر محفوظ سیکس بھی ہو سکتا ہے۔ معاشرے میں اسے ممنوع سمجھے جانے کی وجہ سے متاثرہ افراد میں بہت کم ایسے لوگ ہیں جو سیکس کا اعتراف کرتے ہیں۔
بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ایک ڈاکٹر جو اپنا نام ظاہر نہیں کرنا چاہتے تھے نے بتایا کہ مذکورہ گاؤں سے تعلق رکھنے والے ایک متاثرہ شخص نے تشخیص کے بعد ان کے سامنے تقریباً 51 جنسی پارٹنرز کے ساتھ غیر محفوظ سیکس کا اعتراف کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان علاقوں میں خصوصاً یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ وہاں کے لوگوں میں نہ تو ایچ آئی وی ایڈز کی وجوہات اور نہ ہی غیر محفوظ سیکس کے خطرات کے حوالے سے آگاہی پائی جاتی ہے۔
ایڈزتصویر کے کاپی رائٹAFP
مزید پھیلاؤ کا خطرہ
مذکورہ گاؤں کے پڑوس میں دو اور گاؤں انتہائی قریب واقع ہیں۔ نمبردرار چودھری اکرم کے مطابق تینوں دیہات کی مجموعی آبادی دس ہزار کے قریب ہو سکتی ہے۔ کیا وہ بھی خطرے میں ہو سکتے ہیں؟ اگر وائرس ان علاقوں سے باہر نکل جائے؟
سرگودھا کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کے سپیشل میڈیسن یونٹ کے انچارج ڈاکٹر سکندر حیات ایک عرصے سے سرگودھا میں ہیپاٹائٹس اور ایڈز کے مریضوں کے علاج معالجے کے ساتھ منسلک رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سرگودھا میں خصوصاً وہ علاقے جو دریائے جہلم اور دریائے چناب کے درمیان موٹر وے کے دونوں اطراف تقریباً 10 سے 12 کلو میٹر کے احاطے میں واقع ہیں وہاں ہیپاٹائٹس کی شرح کافی زیادہ ہے۔
ان کو خدشہ ہے کہ اس کے ساتھ ان علاقوں میں ایچ آئی وی کا وائرس بھی موجود ہو سکتا ہے۔ ایسی صورت حال میں کیسے ممکن بنایا جائے گا کہ ایچ آئی وی کے وائرس کو متاثرہ علاقوں سے باہر نہ پھیلنے دیا جائے؟
ان کا کہنا تھا کہ اس خدشے کے پیشِ نظر پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام نے ایک پلان تیار کیا ہے۔ ’حالیہ صورت حال سے نمٹنے کے بعد ان علاقوں میں واقع دیہات میں جا کر رینڈم نمونے لیے جائیں گے تا کہ اگر کہیں اس وائرس کی موجودگی کا پتہ چلے تو وہاں سکریننگ کی جا سکے۔‘
علاوہ ازیں سرگودھا میں محکمہ صحت اور ضلعی حکومت کی جانب سے ان علاقوں میں لوگوں کی آگاہی کے لیے پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں جن پر علمدرآمد جاری ہے۔ ان میں حجاموں کی ٹریننگ اور عطائی ڈاکٹروں کے خلاف آپریشن شامل ہے۔ لوگوں کو ان خطرات کے حوالے سے آگاہی دینا بھی مہم کا حصہ ہے۔
صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کی زیرِ نگرانی وہ تمام اقدامات کیے جا رہے ہیں جن سے اس بیماری کو دیگر علاقوں تک پھیلنے سے روکا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ مزید ایک ہفتے کے دوران یہ اقدامات مکمل ہونے کے بعد ان کے نتائج سامنے آ جائیں گے۔

(Visited 1 times, 1 visits today)

Also Watch

LEAVE YOUR COMMENT